نئی دہلی،27/نومبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بدھ کو کہا کہ جموں کشمیر سے دفعہ 370 ہٹائے جانے کے بعد سے دہشت گردی کے واقعات نہ کے برابر ہوئے ہیں اور ریاست میں صورتحال تیزی سے معمول پر لوٹ رہے ہیں۔ سنگھ نے لوک سبھا میں کہا کہ جموں کشمیر میں فوج، مقامی پولیس، نیم فورس اور دیگر فورسز کے جوان بہتر کوآرڈینیشن کے ساتھ کارروائی کر رہے ہیں۔کانگریس رکن کے سریش نے وقفہ صفر میں جموں کشمیر کی صورتحال کا معاملہ اٹھایا اور وہاں دفعہ 370 ہٹانے کے بعد بھی دہشت گردانہ حملوں اور ان میں لوگوں کے مارے جانے کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا۔اس پر جواب دیتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ جہاں تک ملک میں دہشت گردانہ واقعات کی بات ہے تو سب اس بات کو مانیں گے کہ گزشتہ ساڑھے پانچ سال میں جموں کشمیر کو چھوڑ کر ملک میں کہیں کوئی بڑا دہشت گرد انہ واقعات نہیں پیش ہوا انہوں نے کہاکہ جہاں تک جموں کشمیر کی بات ہے تو گزشتہ 30-35 سال سے ریاست میں دہشت گرد واقعات ہوتے رہیں ہیں۔میں دعوے کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ جموں کشمیر سے دفعہ 370 ہٹانے کے بعد دہشت گرد واقعات نہ کے برابر ہوئے ہیں۔ لیکن اگر کوئی دہشت گردانہ واقعہ ہوا ہے تو یہ قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت فوج، مقامی پولیس، نیم فورس اور دیگر فورسز کے جوان مکمل طور پربہتر کوآرڈینیشن کے ساتھ مل کر مؤثر کارروائی کر رہے ہیں۔